حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ

Published On 15 March,2022 09:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے اعلان کردہ پیکج کے پیش نظر آئندہ پندرہ روز کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلے کی سطح پر برقرار رہیں گی۔

فنانس ڈویژن کا کہنا ہے کہ آئندہ 15 روز کے دوران حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے 30 ارب روپے کا بوجھ برداشت کرے گی۔

وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت 149 روپے 86 پیسے ، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 144روپے 15 پیسے فی لٹر، مٹی کے تیل کی فی لٹر قیمت 125 روپے 56 پیسے، لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 118 روپے 31 پیسے فی لٹر پر برقرار ہے۔ قیمتوں کا اطلاق 16 مارچ سے 31 مارچ تک کیلئے ہو گا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ آئندہ بجٹ تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائی جائیں گی۔ انہوں نے بجلی کی قیمت میں بھی 5 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا تھا۔

 

Advertisement