روس سے ایک لاکھ 30 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری

Published On 05 December,2022 08:21 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے روس سے ایک لاکھ 30 ہزارمیٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت  ای سی سی کا اجلاس ہوا۔ جس وفاقی وزیر برائے بجلی خرم دستگیر خان، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مرتضیٰ محمود، شاہد خاقان عباسی ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، طارق باجوہ، طارق محمود پاشا، ڈاکٹر محمد جہانزیب خان، وفاقی سیکرٹریز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔

وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل اور گورنر سٹیٹ بینک، ایم ڈی پاسکو زوم کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے۔ اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق نے 30 نومبر 2022 کو کھولے گئے 7ویں بین الاقوامی گندم کے ٹینڈر 2022 کے ایوارڈ پر ایک سمری پیش کی۔

7ویں بین الاقوامی ٹینڈر اور جی ٹو جی پیشکش کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے ای سی سی نے میسرز سیریل کراپ ٹریڈنگ کی سب سے کم بولی کی منظوری دی۔ 16 دسمبر 2022 اور 8 فروری 2023 سے کھیپ کی مدت کے لیے کراچی کی بندرگاہوں پر ایک لاکھ 30 ہزار میٹرک ٹن کی فراہمی کیلئے 372 ملین ڈالر ج ٹو جی کی بنیاد پر روس کی پیشکش کی منظوری دی۔

372 ملین ڈالر سے یکم فروری 2023 سے 31 مارچ 2023 تک کھیپ کی مدت کے لیے گوادر پورٹ پر 450,000 میٹرک ٹن کی فراہم کی جائے گی۔ فیصلہ کیا گیا کہ گوادر پورٹ سے اندرون ملک نقل و حمل پر کوئی بھی اضافی لاگت پاسکو برداشت کرے گی جس کی وصولی اس وقت صوبوں سے کی جائے گی۔