اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اقتصادی کونسل نے 308 ارب 19 کروڑ سے زائد مالیت کی حیدرآباد سکھر موٹر وے کی تعمیر کی منظوری دیدی ہے ۔
قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) نے بلٹ آپریٹ ٹرانسفر (بی او ٹی) کی بنیاد پر دیگر چاروں صوبوں میں بھی اربوں روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی ہے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت ہونے والے اکنک کے اجلاس میں منظور کئے جانے والے حیدرآباد سکھر موٹر وے کی تعمیر کے منصوبے کے متعلق شرکاء کو بتایا گیا کہ منصوبے کی نظرثانی شدہ لاگت میں حکومتی شیئر 103 ارب روپے ہوگا جس میں ساڑھے نو ارب روپے کیپٹل وی جی ایف کے طور پر ،30 کروڑ روپے این ایچ اے اسٹیبلشمنٹ چارجز کے طور پر اور 50 کروڑ روپے ہنگامی حالات کے طور پر شامل ہیں۔
منصوبے کی منظوری ضابطہ اخلاق کی تکمیل اور قومی اسمبلی سے قانون سازی کی منظوری سے مشروط ہے، ایکنک نے 17 ارب 37 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے لاہور-سیالکوٹ موٹروے لنک ہائی وے (04-لین) کی تعمیر کے منصوبے کی بھی منظوری بھی دیدی،منصوبے کے تحت تعمیر ہونے والی لاہور سیالکوٹ موٹر وے لنک ہائی وے نارنگ منڈی اور کرتار پور نارووال سے ملاتی ہے جس میں نارووال ایسٹرن بائی پاس بھی شامل ہے۔
نظرثانی شدہ منصوبے میں کرتارپور کو لاہور سیالکوٹ موٹروے اور ننکانہ سے ملانے والے 73 کلومیٹر طویل 04 لین والے ڈویل کیرج وے کی بحالی، دہری کاری اور تعمیر کا تصور کیا گیا ہے۔