اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے مختلف وزارتوں اور محکموں کے لیے 9 سپلیمنٹری اور تکنیکی گرانٹس منظور کرلی ہیں۔
وزیر خزانہ شوکت ترین کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی اور دیگر اعلی حکام کی شرکت کی۔ ای سی سی نے تخفیف غربت کے لئے فنڈز کی فراہمی کی منظوری دیدی۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستفید افراد کی کیش امداد کو احساس کفالت پروگرام کے تحت کیا جائے گا۔ وزارت ہاؤسنگ کی ترقیاتی اسکیموں کیلئے 75 ملین کی فنڈنگ منظور کی۔ وزارت ہاؤسنگ کے لئے 43 ملین کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔
انفارمیشن براڈ کاسٹنگ ڈویژن کیلئے پی ایس ڈی پی سے 17.63 ملین کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی۔ وزارت انسداد منشیات کیلئے 50 لاکھ روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظور ہوئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کیلئے 317 ملین روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے لئے 54 ملین روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی جبکہ فنانس ڈویژن کی جانب سے نان گزٹیڈ ملازمین کے گروپ انشورنس فنڈ کیلئے 3.36 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔