اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دیدی۔ خیبر پختونخوا کو پاسکو ذخائر سے 5 لاکھ ٹن گندم دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں وزارت قومی غذائی تحفظ کی سفارش پر 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دی گئی۔ تاہم گندم کی درآمد پیپرا بورڈ کی منظوری سے مشروط ہوگی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گندم کی درآمد کا مقصد ممکنہ قلت پر قابو پانے کیلئے اسٹریٹجک زخائر قائم کرنا ہے۔ ای سی سی نے خیبر پختونخواہ حکومت کو پاسکو کے زریعے اضافی 5 لاکھ ٹن گندم کی فراہمی کی بھی منظوری دیدی۔
ای سی سی نے نیویارک میں قائم پی آئی اے کے قیمتی اثاثے ہوٹل روزویلٹ کے زمہ واجبات کی ادائیگی کیلئے 1 کروڑ 73 لاکھ ڈالر کی گرانٹ کی منظوری دیدی۔ وزارت خزانہ، ایوی ایشن ڈویژن اور وزارت نجکاری سے روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کے مستقبل کا پلان ایک ماہ میں طلب کر لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں اور وزارتوں کیلئے اربوں روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دی گئی۔
ایف بی آر کے ریونیو میں اضافے سے متعلق پروگرام کیلئے 2.46 ارب کی گرانٹ منظور کر لی گئی۔ پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی بڑھانے کیلئے وزارت داخلہ کو 57 کروڑ کی گرانٹ دینے کی منظوری دی گئی۔ کراچی کوسٹل پاور پراجیکٹ کیلئے 49 ارب روپے کی سپلیمنٹری تکنیکی گرانٹ بھی منظور کر لی گئی۔
این جی اوز اور غیر منافع بخش تنظیموں کو ریگولیٹ کرنے سے متعلق پالیسی کی منظوری دی گئی۔ این جی اوز اور غیر منافع بخش تنظیموں کی رجسٹریشن کا عمل 60 میں مکمل ہوگا۔ پالیسی کا مقصد این جی اوز اور حکومت کے درمیان شراکت قائم کرنا اور خراب شہرت یا ریکارڈ کی حامل این جی اوز کی حوصلہ شکنی بتایا گیا ہے۔
ای سی سی نے ایس این جی پی ایل کے مئی کے بل کی کلیئرنس کیلئے 1.6 ارب روپے کی گرانٹ منظور کر لی۔ گلگت بلتستان حکومت کو گندم پر سبسڈی کیلئے 1.37 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔