اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی ایکنک نے 362 ارب روپے کے 11 منصوبے منظور کرلیے ہیں اور سکھر سے حیدر آباد تک 191 ارب روپے کا موٹروے منصوبہ منظور کرلیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سکھر حیدرآباد موٹروے منصوبہ منظور کیا گیا جس کی لمبائی 306 کلو میٹر ہوگی اور یہ 6 لین چوڑی موٹر وے بنائی جائیگی۔ سکھر حیدر آباد موٹروے منصوبہ کی لاگت 191 ارب روپے ہے۔
ایکنک کے اعلامیے کے مطابق ہوشاب آوارن ایم ایٹ منصوبہ منظور کیا گیا ہے جس کی لاگت 32.4 ارب روپے ہے۔ خیبر پختونخوا میں چھوٹی سڑکوں کے لیے 28.15 ارب کا منصوبہ منظور کیا گیا ۔
ایکنک نے گومل ڈیم ملٹی پرپز کے لیے 25.92 ارب کا منصوبہ منظور کیا ہے۔ اجلاس میں انسداد کورونا کے لیے 20.82 ارب روپے کا منصوبہ منظور ہوا۔ سندھ میں رینی کینال کے لیے20.53 ارب روپے کا منصوبہ منظور کیا گیا۔
30 میگا واٹ کے گواری ہائیڈرو پراجیکٹ کے لیے 16.399 ارب اور 20 میگا واٹ کے گلگت حازل ہائیڈرو پراجیکٹ کے لیے 12.92 ارب کا منصوبہ منظور کیا گیا۔
ایکنک نے مردان صوابی سڑک کی اپ گرڈیشن کے لیے 13 ارب کا منصوبہ اور ریلوے کےلیے 600 کنٹرینر بوگیاں خریدنے کی منظوری بھی دی۔