اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہیلی کاپٹروں کی مرمت کیلئے 4 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، وزارت ہاوسنگ کو گارڈن ویسٹ (پاکستان کوراٹرز) کی لیز کی ری نیوئیل کیلئے کے 37 کروڑ 72 لاکھ کے فنڈز کے استعمال کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی اور فوجی فرٹیلائزر بن قاسم کے درمیان گیس سپلائی معاہدے کی تجدید کی منظوری دی گئی۔ ثاقب ون اے گیس ذخیرے سے ایس ایس جی سی ایل کیلئے گیس فراہمی کو بھی منظور کیاگیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق گیس پرائسنگ معاہدے کے تحت ماڑی گیس کے ڈیوڈنڈ ڈسٹری بیوشن کیپ کو ختم کرنے کی منظوری کر لی گئی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہیلی کاپٹروں کی مرمت کیلئے 4 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان رینجرز پنجاب کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کیلئے 50 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور ہوئی، ایف سی خیبر پختونخوا کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کیلئے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کر لی گئی۔ ایف سی بلوچستان کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کیلئے 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔
اجلاس کے دوران وزارت اطلاعات کی کووڈ 19 کی اشتہاری مہم کیلئے مالی وسائل کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔ 141 ملین روپے اشتہاری مہم کیلئے وزارت اطلاعات کو فراہم کئے جائینگے۔یوم یکجہتی کشمیر کی میڈیا مہم کیلئے وزارت اطلاعات کیلئے 90.25 لاکھ کی منظوری دی گئی۔