اسلام آباد:(دنیا نیوز)ای سی سی کے اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن( پی آئی اے) کے لیے 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر منظوری دیدی گئی ہے اور یہ رقم پی آئی اے انویسٹمنٹ لمیٹڈ کے لیے ہوگی۔
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ای سی سی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزراء، معاونین خصوصی اور مشیروں سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ای سی سی کی جانب سے اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے کے لئے منظور کردہ رقم سے روزویلٹ ہوٹل کے مالیاتی امور چلائے جائیں گے جبکہ ای سی سی کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی کہ این ایچ اے کا بزنس پلان مرتب کرکے پیش کریں۔
اعلامیہ کے مطابق سمبڑیال سے کھاریاں موٹروے کےلیے 8 ارب روپے ،انٹربینک میں ڈالر جمع کرانے والی ایکس چینج کمپنیزکو مراعات کی منظوری دی گئی جبکہ ایک ڈالر انٹر بینک میں ایکس چینج کرانے پر ایک روپیہ اضافی ملے گا۔
اجلاس میں پی آئی اے کی ملکیت روزیلٹ ہوٹل نیویارک کے قرضے کی ادائیگی 31 دسمبر 2024ء تک بڑھا دی گئی ،ہوٹل کے 142 ملین ڈالر کے قرضے اور سود کی ادائیگی 2 سال میں قسطوں میں کی جائے گی ، 5 ضروری اشیاء پر جنوری کے دوران بھی سبسڈی جاری رکھی جائے گی۔
ای سی سی اجلاس میں زرمبادلہ بھجوانے کے مراعاتی پیکج کے تحت ایکسچینج کمپنیوں کے نئے ماڈل،نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کے کم لاگت گھروں کے منصوبے میں کمرشل بنکوں کی براہ راست مداخلت ختم کرنے ،وزارت میری ٹائم کے ادارے پی این ایس سی کے 19 ذیلی کمپنیوں کیلئے رعائتوں ،وزارت انرجی کی مالی سال کیلئے ضمنی گرانٹ کی سمری کی منظوری دی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق وزارت داخلہ کے ہیلی کاپٹرز کی مرمت کیلئے 14.62 ملین روپے کی ضمنی گرانٹ اورایف سی کے ڈی آئی خان کے منصوبے کیلئے 431.88 ملین روپے کی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔