اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ ہفتوں کے دوران پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔
غیر ملکی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتیں نیچے آنے کے بعد اب تک پٹرول کی قیمتیں کم نہیں ہوئی تھیں تاہم آئندہ ہفتوں میں پاکستان میں بھی پٹرول کی قیمتوں میں کمی بھی کی جائے گی۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے کے تحت منی بجٹ اگلے ہفتے لا رہی ہے تاہم اس سے مہنگائی نہیں ہوگی کیونکہ عام آدمی کے استعمال کی اشیا پر ٹیکس کی چھوٹ ختم نہیں ہو گی۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ منی بجٹ میں کھانے پینے کی اشیا پر ٹیکس کی چھوٹ ختم نہیں ہو گی۔ موبائل فونز پر ٹیکس کی چھوٹ ختم کرنے کے حوالے سے ابھی نہیں بتا سکتے۔ سٹیٹ بینک کی خودمختاری کے حوالے سے آئی ایم ایف سے طے شدہ قانون سازی کے لیے بل بھی منی بجٹ کے ساتھ ہی اگلے ہفتے پارلیمنٹ میں پیش کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ منی بجٹ میں امپورٹڈ لگژری آئٹمز پر کسٹم ڈیوٹی بڑھائی جائے گی، امپورٹڈ میک اپ کا سامان، امپورٹڈ کپڑے، جوتے اور پرفیومز سمیت کئی اشیاء مہنگی کرنے کی تجویز ہے۔ مقامی طور پر تیار ہونے والی اشیاء پر بھی سیلز ٹیکس 12 سے بڑھا کر 17 فی صد کیا جائے گا۔
اس سوال پر مشیر خزانہ نے کہا کہ وہ انفرادی طور پر کسی بھی چیز پر ٹیکس بڑھانے کے حوالے سے ابھی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے جبکہ کابینہ کی منظوری کے بعد اسے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا تو سب معلوم ہو جائے گا۔