لاہور: (دنیا نیوز) روس پاکستان کو انتہائی سستا تیل دینے پر تیار ہو گیا جس کے باعث عوام کو 42 روپے فی لٹر ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق روس پاکستان کو بھارت اور چین جیسے ریٹ پر سستا تیل دے گا، بھارت اور چین روس سے عالمی مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی بیرل سستا تیل لے رہے ہیں۔
روس پاکستان کو بھی برینٹ آئل مارکیٹ کے مقابلے میں 20 سے 30 ڈالر فی بیرل سستا تیل دے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ روس سے پٹرولیم مصنوعات کی خریداری کے معاملہ پر جنوری میں پیش رفت متوقع ہے، روس کے ساتھ انشورنس، شپنگ اور دیگر چارجز پر بات ہونا باقی ہے۔
ذرائع وزارت پٹرولیم کے مطابق روس سے ساڑھے 65 ڈالر فی بیرل تک تیل درآمد ہونے کا امکان ہے، تمام بین الاقوامی ٹیکسز شامل کرکے پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 41 سینٹ فی لٹر تک ہو گی۔
ذرائع نےمزید بتایا کہ درآمدی تیل آنے پر پٹرول کی قیمت 42 روپے فی لٹر کم ہو سکتی ہے کیونکہ پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 92 روپے 27 پیسے لٹر بنتی ہے اور پٹرول پر فی لٹر مقامی ٹیکس 90 روپے تک ہیں۔