لاہور: (دنیا نیوز) آٹا بحران سے نمٹنے کے لئے محکمہ خوراک کے اقدامات بہتر نہ ہوسکے، متعدد سٹورز پر آٹے کی قلت برقرار ہے۔
تفصیلات کے مطابق آٹے کا بحران عوام کا بدستور کڑا امتحان بنا ہوا ہے، محکمہ خوراک شہر میں آٹے کی سپلائی کے اقدامات بہتر نہ کر سکا، متعدد سٹورز پر آٹے کی قلت کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 101 ٹرک پوائنٹس پر 10 کلو آٹے کے 70 ہزار تھیلے فراہم کئے گئے ہیں، شہریوں کا لمبی قطاروں میں کھڑے ہو کر آٹا خریدنا مشکل ہوگیا، شہریوں کا کہنا ہے کہ سستا آٹا تو دور، اب مہنگا آٹا بھی نایاب ہونے والا ہے، غریب اپنے بچوں کو کیا کھلائے، حکومت قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام ہے۔
دوسری جانب دنیا نیوز نے فلور ملز کو گندم کوٹہ ریلیز کرنے کے اعداد و شمار کی کاپی حاصل کر لی ہے، اعداد و شمارکے مطابق شہرلاہور کی 91 رجسٹرڈ فلور ملز کو 6 ہزار 55 میٹرک ٹن گندم کوٹہ جاری کیا گیا ہے جبکہ 2 ہزار ڈیلرز کو 10 کلو آٹے کے 3لاکھ 69 ہزار تھیلے پہنچائے گئے۔
حکومت کی جانب سے گندم ریلیز ہونے کے بعد اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں میں کمی ہونے لگی ہے، مارکیٹ میں 100 روپے کمی سے گندم 4100 روپے فی من ہوگئی ہے جبکہ سرکاری قیمت 2300 روپے فی من ہے۔
اسی طرح کھلا آٹا بھی 80 روپے سے کم ہو کر 75 روپے فی کلو ہوگیا ہے جبکہ کھلے آٹے کی سرکاری قیمت 64روپے فی کلو مقرر ہے، 15 کلو آٹے کا تھیلا 2100 روپے سے کم ہو کر 1800 روپے تک آ گیا جبکہ سرکاری قیمت 1300 روپے رکھی گئی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ مسز نعیم افضل کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں گندم اور آٹا وافر مقدار میں موجود ہے، شہری آٹا نہ ملنے پر ضلعی انتظامیہ کے ٹال فری نمبر پر رابطہ کریں، شکایات کا فوری ازالہ کروایا جا رہا ہے۔