لاہور: (دنیا نیوز) ضلعی انتظامیہ نے نان بائی ایسوسی ایشن کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے روٹی کی قیمت میں ایک روپیہ اضافہ جبکہ نان کی قیمت 22 روپے پر برقرار رکھی۔
نانبائی ایسوسی ایشن نے حکومت سے روٹی 25 اور نان 35 روپے کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے، نانبائی ایسوسی ایشن نے روٹی کی قیمت میں 1 روپے اضافے کا حکم ماننے سے انکار کر دیا، ایسوسی ایشن روٹی 20 اور نان 35روپے کا کیے جانے پر بضد ہو گئی، جس پر ضلعی انتظامیہ اور نانبائی ایسوسی ایشن میں ڈیڈ لاک برقرار ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی کا کہنا ہے کہ تنور مالکان نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کیا تو کریک ڈاؤن ہو گا، روٹی کی قیمت 14 روپے سے بڑھا کر 15روپے کر دی گئی ہے، 2 ماہ پہلے روٹی کی قیمت 12 سے 14 روپے کی گئی، اب مزید 1 روپیہ بڑھا دیا گیا ہے۔
نانبائی ایسوسی ایشن نے 2 روز کے لیے اپنا احتجاج مؤخر کر دیا، نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر افتاب گل کا کہنا ہے کہ آٹے اور فائن میدے کی قیمت کم نہ ہوئی تو روٹی 25 نان 35 کا ازخود بیچیں گے۔