لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب کے عوام کو غذائی بحران سے بچانے کیلئے محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے چند روز قبل 26 ہزار ٹن سے کم کر کے 24 ہزار ٹن کیا جانے والا فلور ملز کا یومیہ گندم کوٹہ دوبارہ بحال کروا دیا۔
وزیر اعظم نے چاروں صوبائی محکمہ خوراک سمیت وفاقی محکمہ پاسکو کو درپیش باردانہ بحران کے خاتمے کیلئے بھی وفاقی وزارتوں کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے باردانہ کے خام مال کی امپورٹ کیلئے ایل سیز کھولنے کی ہدایت کردی ہے۔
مزید برآں وزیراعظم کی ہدایت پر محکمہ خوراک نے پنجاب بھر میں سرکاری آٹے کی فروخت کے ٹرکنگ پوائنٹس کی تعداد بڑھا دی ہے، لاہور میں ٹرکنگ پوائنٹس کی تعداد 95 سے بڑھا کر 145 جبکہ راولپنڈی میں 240 کردی گئی ہے۔
علاوہ ازیں سامان کے درمیان چھپا کر سرکاری آٹا سمگل کرنے والے گڈز ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں سینکڑوں تھیلے آٹا برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ بند روڈ پر سرکاری آٹے کو ریفائن کر کے سمگل کرنے والی خفیہ آٹا فیکٹری پکڑی گئی ہے۔