کیسکو نے 577 ارب روپے کے نادہندہ صارفین کی فہرست جاری کر دی

Published On 10 February,2023 05:50 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کیسکو نے نادہندگان کی فہرست جاری کر دی جس کے مطابق نادہندہ صارفین کے ذمہ بقایا جات 577 ارب روپے تک پہنچ گئے۔

فہرست کے مطابق بلوچستان حکومت کے ذمہ 30 ارب روپے اور زرعی صارفین کے ذمہ 448 ارب روپے کے بقایاجات ہیں، زرعی سبسڈی کی مد میں صوبائی حکومت کے ذمہ تقریباً 44 ارب روپے واجب الادا ہیں، گھریلو، نجی، کمرشل اورصنعتی صارفین کے ذمہ تقریباً28ارب روپے کے بقایاجات ہیں۔

کیسکو کے مطابق وفاقی حکومت کے ذیلی محکموں کے ذمہ تقریباً 2 ارب روپے کے بقایاجات ہیں، دسمبر کے بلوں کی مد میں صوبائی محکموں کے بجلی بل جمع کرنے کی شرح 42 فیصد رہی، وفاقی حکومت کے ذیلی محکموں کے بل جمع کرنے کی شرح 85 فیصد رہی۔

یہ بھی پڑھیں: رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ حکومت تیل و گیس کے ٹیکس اہداف حاصل کرنے میں ناکام

رپورٹ کے مطابق گھریلو صارفین کی جانب سے بجلی بل جمع کرنے کی شرح 60 فیصد رہی، کمرشل صارفین 90 فیصد، انڈسٹریل 93 فیصد اور زرعی صارفین کے بل جمع کرانے کی شرح 4 فیصد رہی۔

کیسکو کے مطابق گورنر ہاؤس بلوچستان کے ذمہ 3 کروڑ 63 لاکھ اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے ذمہ تقریباً ایک کروڑ 93 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔

فہرست کے مطابق صوبائی اسمبلی 41 لاکھ اور محکمہ خزانہ تقریباً 2 کروڑ 37 لاکھ روپے کا نادہندہ ہے، گوادر پورٹ اتھارٹی کے ذمہ ایک کروڑ 12 لاکھ روپے کے بقایا جات واجب الادا ہیں۔