اسلام آباد : (دنیا نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی(این ٹی ڈی سی) اور کے الیکٹرک کی کارکردگی ناقص رہی ۔
نیپرا نے کارکردگی رپورٹ 22-2021 کے مطابق مالی سال 22-2021 کے دوران سستے پاورپلانٹس سے بجلی کی ترسیل میں کمپنی خرابیوں کا شکار رہی، این ٹی ڈی سی خرابیوں کو دور کرنے میں زیادہ وقت لیتی رہی، کمپنی نے نئے پاور پلانٹس سے بجلی ترسیل کے بروقت انتظامات نہیں کیے۔
رپورٹ کے مطابق ترسیلی انتظامات میں سست روی کےباعث سستی بجلی فراہمی میں تاخیر ہوئی، ترسیلی نظام میں کمی کے باعث سَستی بجلی لوڈ سینٹر تک نہ پہنچائی جاسکی۔
نیپرا رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ این ٹی ڈی سی کے بجلی ترسیل کے 11 منصوبے تاخیرکا شکار ہیں، ان منصوبوں پر کام ترجیحی طور پر ہونا چاہیے تھا، این ٹی ڈی سی سسٹم وولٹیج کی خلاف ورزیوں کا شکار رہا، سسٹم کی فریکوئنسی بھی عدم توازن کا شکار ہوتی رہی۔
رپورٹ میں نیپرا کی فالٹ لیول کے حقیقی تجزیے کیلئے شارٹ سرکٹ سڈیز کرانے کی تجویز دی گئی ، ترسیلی نظام کی بہتری کے لئے مجوزہ منصوبے جلد ازجلد مکمل کٰئے جائیں۔
رپورٹ میں سفارش کی گئی کہ نیپرا کے الیکٹرک بلیک آؤٹ سے بچنے کیلئے آئی لینڈ موڈ میں آپریٹ کرنے کیلئے اقدامات کرے، آئی لینڈ موڈ آپریشن سے وفاق سے بجلی نہ ملنے سے بھی کراچی میں بلیک آؤٹ نہیں ہوگا۔