لاہور: (دنیا نیوز) ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1 اعشاریہ 37 فیصد اضافے کے بعد مجموعی طور پر مہنگائی کی شرح 42 اعشاریہ 27 فیصد تک پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات نے ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں اضافے کے اعدادوشمار جاری کر دیئے ہیں، ایک ہفتے میں 29 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، آٹھ اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 14 کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 5 لیٹر برانڈڈ کوکنگ آئل کی قیمت میں 136 روپے 30 پیسے کا اضافہ ہوا، 20 کلو آٹے کے تھیلے میں ایک ہفتے میں 70 روپے تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ایک ہفتے میں برانڈڈ گھی اڑھائی کلو کا ٹن 60 روپے تک مہنگا ہوا، حالیہ ہفتے چینی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 35 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق دہی 3 روپے 44 پیسے، دودھ 2 روپے 84 پیسے فی لٹر مہنگا ہوا، دال ماش، چاول، بیف، چائے نمک کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 8 اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں، چکن 31 روپے فی کلو، لہسن 8 روپے 66 پیسے فی کلو سستا ہوگیا جبکہ انڈے، دال مونگ، دال مسور، دال چنا کی قیمت میں بھی کمی ہوئی، 14 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی ردودبدل نہیں ہوا۔