پاکستان کو ایران سے مزید 100 میگا واٹ بجلی کی فراہمی شروع

Published On 16 March,2023 06:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کو ایران سے مزید 100 میگا واٹ بجلی کی فراہمی شروع ہو گئی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ایران سے درآمد ہونے والی اضافی 100 میگا واٹ بجلی گوادر کو فراہم کی جا رہی ہے، ایران سے مزید بجلی فراہمی کا معاہدہ وزیر توانائی خرم دستگیر خان کے حالیہ دورہ ایران کے دوران طے پایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیکنالوجی میں کمی کے باعث 5 سال کے دوران لائن لاسز میں اضافہ

ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان نے ایران سے بجلی کے حصول کے لیے 220 کے وی ٹرانسمیشن لائن بچھائی ہے، ٹرانسمیشن لائن گبد- بولان کے درمیان بچھائی گئی ہے۔

بجلی کی فراہمی کے ٹیرف کو وزیر توانائی کے حالیہ دورہ ایران میں حتمی شکل دی گئی، ایران سے پاکستان کو ملنے والی بجلی کا کل حجم 200 میگاواٹ ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 2002 سے ایران مکران ڈویژن کو بھی 100 میگا واٹ بجلی کی درآمد جاری ہے، ایران سے بجلی بارٹر سسٹم کے تحت لی جا رہی ہے۔
 

Advertisement