اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب میں چینی 95 روپے فی کلو فراہم کرنے کے فیصلے کی توثیق سمیت الیکٹرک بائیکس اور ای رکشہ سکیم کی منظوری دے دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیر صدارت ہوا، اجلاس میں کمیٹی کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ پنجاب کی صوبائی پی ایس ایم اے 20 ہزار میٹرک ٹن چینی فراہم کرے گی دیگر صوبے بھی چینی کی کم قیمت پر دستیابی کو یقینی بنائیں۔
— Ministry of Finance (@FinMinistryPak) April 13, 2023
اجلاس میں پی آئی اے کی حکومتی گارنٹی میں 15 ارب روپے سے زائد کا اضافہ کر دیا گیا، انگور اڈہ کو افغانستان اور وسطی ایشیاء کیلئے ایکسپورٹ لینڈ بنانے کی منظوری، وزارت ہاؤسنگ کیلئے 26 کروڑ 10 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت قومی صحت کیلئے 14 کروڑ 25 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی، ای سی سی نے الیکٹرک بائیکس اور ای رکشہ سکیم کی منظوری دے دی۔
یہ بھی پڑھیں: جو حالات ہیں 5 سال میں قدرتی گیس ختم ہوجائے گی: سیکرٹری پٹرولیم
وزیراعظم یوتھ بزنس اور زرعی لون سکیم کے تحت ای بائیکس اور رکشہ کیلئے قرضہ دیا جائے گا، ٹیئر ون کیٹگری کیلئے 5 لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کے مطابق قرضہ صفر شرح سود پر تین سال کیلئے دیا جائے گا۔