اسلام آباد: (دنیا نیوز) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے زندہ جانوروں کی درآمد کیلئے امپورٹ پالیسی آرڈر میں ترمیم، وزارت ہاؤسنگ اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کیلئے ضمنی گرانٹس کی منظوری دیدی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونیوالے وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت تجارت نے امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 میں ترمیم سے متعلق پیش کردہ سمری کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد زندہ جانوروں کی درآمد کیلئے امپورٹ پالیسی آرڈر میں ترمیم کی منظوری دیدی، جانوروں سے متعلق دیگر پراڈکٹس درآمد کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
یہ فیصلہ اینیمل ہیلتھ کی عالمی تنظیم کی شرائط اور ضوابط کے تحت کیا گیا ہے، جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت ہاؤسنگ کیلئے 29 کروڑ 99 لاکھ روپے کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دیدی، اس کے علاوہ آئی بی کی جانب سے ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی ادائیگی کیلئے 8 کروڑ 71 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کر لی ہے۔
علاوہ ازیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت ہونیوالے نیشنل ٹیکس کونسل کے چھٹے اجلاس میں ملک بھر میں جنرل سیلز ٹیکس کی ہم آہنگی کیلئے سروس رولز کے مسودے کی منظوری دیدی گئی ہے، ان رولز کا اطلاق متعلقہ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد یکم مئی 2023 سے ہوگا۔
اجلاس میں نیشنل ٹیکس کونسل میں کی ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے 28 مارچ 2023 کو پیش کردہ سفارشات پر غور کیا گیا اور اس کی نیشنل ٹیکس کونسل نے ایگزیکٹو کمیٹی کی سروس رولز کے مسودے بارے سفارشات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد منظوری دیدی ہے جو ملک بھر میں جی ایس ٹی ہم آہنگی کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے۔