اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پیراسیٹامول سمیت 20 ادویات کے نرخ بڑھانے کی منظوری دیدی

Published On 10 February,2023 06:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پیرا سیٹا مول سمیت مزید 20 ادویات کے ریٹ بڑھانے کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پیرا سیٹامول کی 500 ملی گرام گولی کی قیمت 2.6 روپے جبکہ پیرا سیٹامول ایکسٹرا کی 500 ملی گرام کی گولی کی قیمت 3.3 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں ای سی سی نے مزید 20 ادویات کے ریٹ بڑھانے کی بھی منظوری دی، اس کے علاوہ بجلی کے بڑے صارفین سے 76 ارب روپے وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجلی کے بڑے صارفین پر ایک روپیہ فی یونٹ سرچارج عائد ہو گا، سرچارج کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔

اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے 10 ارب سے زائد کے بجلی کے بل معاف کرتے ہوئے بلوں کے لیے 10 ارب 34 کروڑ کی گرانٹ منظور کی گئی، ای سی سی وزارت دفاع کے لیے 45 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔
 

Advertisement