اسلام آباد: (دنیا نیوز) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سود کی ادائیگی کے لیے بجلی صارفین پر 1 روپیہ فی یونٹ سرچارج لگانے کی منظوری دے دی، سرچارج 300 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر لاگو ہو گا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ای سی سی نے ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کی سفارش پر 18 نئی ادویات کی قیمتوں کا تعین کر دیا، کمیٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ان ادویات کی قیمتیں بھارت سمیت ہمسایہ ممالک سے کم رکھی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف سے مذاکرات، حکومت کا 170 ارب روپے کے ٹیکسز لگانے کا فیصلہ
کمیٹی کے مطابق اجلاس میں پیرا سیٹا مول والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی، پیرا سیٹا مول 500 ملی گرام ایک گولی کی قیمت 2 روپے 67 پیسے جبکہ پیرا سیٹا مول ایکسٹرا 500 ملی گرام ایک گولی کی قیمت 3 روپے 32 پیسے مقررکرنے کی منظوری دی گئی، کمیٹی نے ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کی سفارش پر 20 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی۔
ای سی سی کے مطابق بجلی منصوبوں کیلئے لیے گئے قرض پر سود کی رقم بھی عوام ادا کریں گے، جس کے لیے ای سی سی نے بجلی صارفین پر 1 روپیہ فی یونٹ سرچارج لگانے کی منظوری دے دی، سرچارج 300 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والے گھریلوصارفین پر لاگو ہو گا، فنانس سرچارج کے ذریعے بجلی صارفین سے 76 ارب روپے وصول کیے جائیں گے۔
Finance Minister Senator Mohammad Ishaq Dar chaired the meeting of the ECC and approved a number of proposals of ministries/divisions including prices of 18 new drugs, which are lowest as compared to their prices in neighbouring countries, reduction in prices of 20 drugs,etc. pic.twitter.com/U54Qi0wDJS
— Ministry of Finance (@FinMinistryPak) February 10, 2023
بجلی بلوں پر فنانس سرچارج رواں سال مارچ سے جون تک لاگو رہے گا، کے الیکٹرک سمیت بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین پر سرچارج لاگو ہوگا، ای سی سی نے اگست اور ستمبر 2022 کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی بھی منظوری دے دی۔
ای سی سی نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے 300 سے کم یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے اگست اور ستمبر کے بجلی بل معاف کرنے کی منظوری دے دی، اس کے علاوہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے کمرشل صارفین کے لیے اگست اور ستمبر کے بجلی بلوں کی ادائیگی موخر کر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے یو این ڈی پی کے نمائندے نٹ اوستبی کی ملاقات
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سیلاب زدہ علاقوں کے بجلی بلوں کے لیے 10 ارب 34 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دے دی، ای سی سی نے آئی ایم ایف کی ہدایات کی روشنی میں نظرثانی شدہ سرکلر ڈیٹ پلان کی منظوری دی۔
اس کے علاوہ ای سی سی نے پاور ہولڈنگ کمپنی کو 283 ارب روپے کی رقم کی ادائیگی موخر کر دی، ای سی سی نے کہا ہے کہ فنانس ڈویژن کو کمپنی کو سود سمیت رقم کی ادائیگی کے لیے نئی گارنٹی دے۔