اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پیشگوئی کی ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے بغیر ڈیفالٹ کر سکتا ہے۔
معیشتوں کی درجہ بندی کرنے والے ادارے موڈیز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کے بغیر ڈیفالٹ کرسکتا ہے، کیوںکہ جون کے بعد مالیاتی مواقع انتہائی غیر یقینی ہیں۔
سنگاپور میں موڈیز کے تجزیہ کار گریس لیم کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان رواں مالی سال اپنی بیرونی ادائیگیوں کو پورا کرے گا، تاہم جون کے بعد پاکستان کے پاس فنانسنگ کے آپشنز انتہائی غیر یقینی ہیں، آئی ایم ایف پروگرام کے بغیر پاکستان اپنے انتہائی کمزور ذخائر کی وجہ سے ڈیفالٹ کر سکتا ہے۔
موڈیز انویسٹرز کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف سے 6.5 بلین ڈالر کے بیل آؤٹ پروگرام کو دوبارہ شروع کرنے کیلئے سخت تگ و دو کر رہا ہے، یہ پروگرام حکومت کی جانب سے قرض کی کچھ شرائط کو پورا کرنے میں ناکام ہونے کے بعد رک گیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ روان برس پاکستان میں ہونے والے انتخابات سے قبل سیاسی عدم استحکام آئی ایم ایف سے قرضے میں تاخیر کے خطرے میں اضافہ کر رہا ہے، کیونکہ سابق وزیر اعظم عمران خان حکومت اور پاک فوج کے خلاف پیچھے ہٹتے دکھائی نہیں دے رہے۔
موڈیز کے تجزیہ کار گریس لیم نے گزشتہ روز ایک ای میل کے جواب میں کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر جو 4.5 ارب ڈالر ہیں انتہائی کم ہیں اور صرف ایک ماہ کی درآمدات کو پورا کرنے کیلئے کافی ہیں، تاہم جون کے بعد بھی آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت سے دیگر کثیر الجہتی اور دوطرفہ شراکت داروں سے اضافی مالی اعانت میں مدد ملے گی، جس سے ڈیفالٹ کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔
ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ وصولیوں اور قابل استعمال ذخائر کے تناسب سے پاکستان کی مجموعی بیرونی فنانسنگ کی ضروریات کا تخمینہ مالی سال 2024 میں 139.5 فیصد تک بڑھنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جو 2023 میں 133 فیصد تھا۔