کراچی: (دنیا نیوز) انٹربینک کے بعد اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 18 روپے کمی دیکھی گئی جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 298 روپے ہوگئی ہے۔
انٹر بینک میں بھی ڈالر کی قیمت9 پیسے کم ہوئی ہے، کمی کے بعد انٹربینک میں امریکی کرنسی 285 روپے 38 پیسے پر بند ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر عوام کا اظہار مسرت
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر 285 روپے 47 پیسے پر بند ہوا تھا۔
پاکستان فاریکس ایکسچینج ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں آج پہلی بار ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے، بروقت فیصلوں پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور گورنر سٹیٹ بینک کو مبارک باد دیتا ہوں۔
ملک بوستان کا کہنا ہے کہ کمرشل بینک کافی عرصے سے اوپن مارکیٹ سے کریڈٹ کارڈ کیلئے ڈالر ہائی ریٹ پر خرید رہے تھے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 315 کا ہوا تو اسحاق ڈار نے مجھ سے رابطہ کیا، اسحاق ڈار نے پوچھا انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا فرق اتنا کیوں ہوگیا؟ میں نے بتایا کہ کمرشل بینک کریڈٹ کارڈ کیلئے ڈالر خرید رہے ہیں جس سے اوپن مارکیٹ پر اثر پڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں ایک ساتھ بڑی کمی کر دی
چیئرمین پاکستان فاریکس ایکسچینج ایسوسی ایشن کے مطابق اسحاق ڈار نے بروقت فیصلہ کیا اور کل سرکلر جاری کیا جس میں کمرشل بینکوں کو کہا گیا کہ ڈالر ایکسچینج کمپنی کے بجائے انٹربینک سے خرید سکتے ہیں۔
ملک بوستان نے مزید کہا کہ 31 جولائی تک یہ ٹیسٹنگ پیریڈ ہے، ان شاء اللہ ڈالرکا ریٹ مزید گرے گا، اسحاق ڈار کے فیصلے سے حاجیوں کو بہت فائدہ ہوگا، حاجی ڈالر 315 روپے کا لے رہے تھے، اب 285 روپے کا لیں گے، ڈالر کو گرانا مشکل نہیں ہوتا اسے برقرار رکھنا مشکل ہوتا ہے۔