اسلام آباد: (دنیا نیوز) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے حکومت سے بجلی کا رعائتی ٹیرف بحال کرنے کا مطالبہ کردیا۔
سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے نئے بجٹ میں صنعتی شعبے کیلئے سبسڈی نہ رکھنے پر تشویش کا اظہار کردیا۔
ترجمان اپٹما نے بجلی ٹیرف 9 سینٹ فی یونٹ بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صنعتوں کیلئے بجلی ٹیرف 19.99 روپے فی یونٹ ہے، بجلی اور گیس پر سبسڈی نہ دی گئی تو اگلے سال برآمدات میں مزید 4 سے 5 ارب ڈالر کمی کا خدشہ ہے۔
اپٹما کا کہنا ہے کہ اس سال مجموعی برآمدات 31.5 ارب ڈالر سے کم ہو کر 27 ارب ڈالر پر آگئیں جبکہ پچھلے سال کے مقابلے برآمدات میں ساڑھے 3 ارب ڈالر کمی ریکارڈ کی گئی۔
اپٹما عہدیداران کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے مطالبات نہ مانے تو انڈسٹری بند کرکے کیو بلاک کے سامنے احتجاج کریں گے، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے اپٹما کے مطالبات کی حمایت کر دی۔