این ٹی ڈی سی نے 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن کو ریکارڈ مدت میں بحال کر دیا

Published On 20 June,2023 09:41 am

کراچی: (دنیا نیوز) این ٹی ڈی سی نے 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن کو ریکارڈ مدت میں بحال کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن ریکارڈ مدت میں بحال ہوگئی، حیدرآباد کے قریب جھمپیر ونڈ کلسٹر میں قائم 3 پاور پلانٹس کو دوبارہ نیشنل گرڈ سے منسلک کر دیا گیا۔

ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے سے ونڈ پاور کلسٹر سے بجلی کی نیشنل گرڈ کو ترسیل متاثر ہوگئی تھی، ٹرانسمیشن لائن کے 8 ٹاور طوفان بپر جوائے کے اثرات، تیز بارش اور آندھی سے متاثر ہوئے تھے۔

این ٹی ڈی سی کی ٹیموں نے شدید موسمی حالات کے باوجود دن رات کام کر کے بحالی کا کام مکمل کیا، انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار نے ٹرانسمیشن لائن بحالی کے کام کی نگرانی کی۔

وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے کہا کہ کم سے کم وقت میں ٹرانسمیشن لائن کی بحالی قابل تعریف ہے۔