مو ہنجو دڑو ایکسپر یس کی بحالی: سعد رفیق کی کوٹری لاڑکانہ سیکشن کے مکینوں کو مبارکباد

Published On 20 July,2023 11:16 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفا قی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کوٹری لاڑکانہ سیکشن پر رہنے والے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مو ہنجو دڑو ایکسپر یس بحال کر دی گئی ہے، کوٹری،لاڑکا نہ سیکشن پر ٹرین کی رونق آج دوبارہ بحال ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹرین کی بحالی یہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا، اس علاقے کے عوام کو سفری سہو لت میسر آئے گی، کوٹری ۔لاڑکانہ سیکشن پر ریلوے بحال ہو چکی ہے، یہ ٹرین 10 بوگیوں پر مشتمل ہو گی اور اس میں 870 مسافر سفر کر سکیں گے، ٹرین کوٹری ۔لاڑکانہ سے بیک وقت چلا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ بر س شدید بارشوں سے بنیادی ریلوے ڈھانچہ بری طرح متاثر ہوا، ریلوے ٹریک بھی بارشوں سے بری طرح متاثر ہوا تھا، ریلوے افسران اور ملازمین نے دن رات کام کر کے ٹریک بحال کئے، سیلابی پانی میں کھڑے ہو کر بغیر وسائل کے ریلوے ٹریک کو بحال کیا گیا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سیلاب اور دہشت گردی کی وجہ سے پل اور پشتے تباہ ہوئے، محدود وسائل اور مشکلات کے باوجود مسافروں کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں، ہم ایک بار پھر بہتری کی جانب چل پڑے ہیں، سبی ، ہرنائی سیکشن پر مسافر اور کوئلہ کی ٹرین چلا رہے ہیں، سبی ، ہرنائی سیکشن میں روڈ نیٹ ورک نہ ہو نے کے برابر ہے، سبی، ہرنائی سیکشن پر جلد ہی ٹرین چلے گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے عوام کو سہولیات دینے کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا، ایم ایل ون کے لئے احسن قبال کے زیر قیادت وفد چین گیا، ایم ایل ون کے لئے چین کو منانے میں کامیاب ہو گئے ہیں، گزشتہ حکو مت نے ایم ایل ون پر کو ئی کام نہیں کیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، ریاستی کاموں کو نہیں روکنا چاہئے، ایم ایل ون کی لاگت ساڑھے 6 ارب سے 10 ارب ڈالر پر چلی گئی ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ گزشتہ حکو مت کی عدم توجہی کی وجہ سے ایم ایل ون کی لاگت بڑھ گئی ہے، اتنا بڑا قرض پاکستان برداشت نہیں کر سکتا تھا، رواں سال کے آخر تک ایم ایل ون منصوبے پر کام کا آغاز ہو جائے گا، ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔