لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں ریلوے سے متعلق مختلف امور زیر بحث آئے۔
اجلاس میں ایم ایل ون منصوبہ پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا، سبی۔ ہرنائی سیکشن پر جاری کام کی رفتار پر اظہار اطمینان کیا گیا۔
وزیر ریلوے نے سبی ۔ ہرنائی ٹرین آپریشن بحالی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی، اجلاس میں وزیر ریلوے کو برانڈنگ کے حوالے سےاپ ڈیٹ دی گئی، جس پر انہوں نے ابتدائی پائلٹ پراجیکٹ پر 15کوچز کی برانڈنگ پر کام اسی مہینے شروع کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سٹیل شاپ مغل پورہ میں الیکٹرک آرک فرنس کی تنصیب 25 جولائی تک مکمل کر لی جائے گی، فرنس چلنے سے سٹیل شاپ کی پیداوار میں اضافہ اور معیار میں بہتری آئے گی۔
اجلاس میں لینڈ رولز کی کابینہ منظوری پر اپ ڈیٹ اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا، فائبر آپٹیکل کیبل پالیسی سے متعلق مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔