راولپنڈی: (دنیا نیوز) پشاور براستہ راولپنڈی، فیصل آباد, کراچی جانیوالی رحمان بابا ایکسپریس کے پاور پلانٹ میں آگ لگ گئی۔
پاکستان ریلوے کی 48 ڈاون رحمان بابا ایکسپریس کے پاور پلانٹ میں اگ لگنے کا واقعہ ٹیکسلا ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا، آگ لگنے سے پاور پلانٹ اور ایک کوچ متاثر ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ریسکیو 1122 اور ریلوے ٹیم نے آگ پر قابو پا لیا جبکہ رحمان بابا ایکسپریس کے ساتھ متاثرہ بوگی اور پاور پلانٹ کو الگ کر دیا گیا، تاحال پاور پلانٹ میں آگ لگنے کی وجہ سامنے نہ آسکی۔
ڈی ایس پی ریلوے جاوید خان نے کہا کہ حادثے میں تمام مسافر بالکل محفوظ ہیں، انکوائری ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ متاثرہ پاور وین کو علیحدہ کرکے رحمان بابا ایکسپریس کو منزل مقصود کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رحمان بابا ایکسپریس پرائیویٹ کمپنی پراکس کے زیرانتظام چلائی جاتی ہے جو پشاور سے براستہ راولپنڈی، فیصل آباد، کراچی تک جاتی ہے۔