ترسیلات زر، برآمدات، روپے کی قدر میں کمی، مہنگائی بڑھی: معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری

Published On 26 July,2023 04:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) گزشتہ مالی سال ترسیلات زر، برآمدات اور بیرونی سرمایہ کاری میں کمی ریکارڈ کی گئی، وزارت خزانہ نے معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ کے مطابق درآمدات، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے، روپے کی قدر اور مالی ذخائر میں بھی کمی ریکارڈ ہوئی جبکہ مہنگائی، ایف بی آر محصولات، نان ٹیکس آمدنی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک سال میں ترسیلات زر 31.3 ارب ڈالر سے کم ہو کر 27 ارب ڈالر رہیں۔

معاشی آؤٹ لک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک سال کے دوران برآمدات میں 14.1 فیصد اور درآمدات میں 27.3 فیصد کی کمی ہوئی، روپے کی قدر میں 67 روپے 37 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، ملکی مالی ذخائر میں ایک ارب 37 کروڑ ڈالر سے زائد کی کمی ہوئی۔

ایک سال میں ایف بی آر محصولات میں 16.6 فیصد کا اضافہ ہوا، ایف بی آر نے گزشتہ مالی سال 7169 ارب روپے کے محصولات اکھٹے کئے، مہنگائی 12.3 فیصد سے بڑھ کر 29.2 فیصد تک پہنچ گئی، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 14.4 فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔