اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ای کامرس میں ہنر یافتہ نوجوان معاشی خود انحصاری حاصل کر کے ملکی ترقی میں معاون کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ہائپر فیوچر پاکستان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نوجوانوں کو ای کامرس کے پلیٹ فارم سے پاکستان کے برانڈ کو منوانا ہے، اللہ نے ہمیں وہ تمام صلاحیتیں اور وسائل دیئے ہیں جن سے ہم ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہائپر فیوچر پاکستان کا منصوبہ چین کے اشتراک سے نوجوانوں کو ای-کامرس میں ٹریننگ فراہم کرے گا جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، ای کامرس میں ہنر یافتہ نوجوان معاشی خود انحصاری حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے مرغی انڈے کی بجائے نوجوانوں کو لیپ ٹاپس فراہم کئے تاکہ وہ ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکیں، ہم نے بلاتفریق اور میرٹ کی بنیاد پر نوجوانوں کو لیپ ٹاپس فراہم کئے۔
یہ بھی پڑھیں: ترسیلات زر، برآمدات، روپے کی قدر میں کمی، مہنگائی بڑھی: مالی سال کی رپورٹ جاری
احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے نوجوان پاکستان کو دس برسوں میں آئی ٹی کے شعبہ میں انفارمیشن پاور بنا سکتے ہیں ، پاکستان کی سب سے بڑی معاشی طاقت ہمارے نوجوان ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چین کی ترقی کے ستون امن، استحکام اور پالیسیز کا تسلسل ہیں، چین کے ساتھ سی پیک کی شکل میں تاریخ ساز اور گیم چینجر منصوبہ شروع ہوا، جس وقت سی پیک کے منصوبے کا معاہدہ ہو رہا تھا ملک میں بجلی کا بدترین بحران تھا اور بیرونی سرمایہ کاری ختم ہوچکی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک معاہدے کے 46 ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوتے ہی دنیا پاکستان کو سرمایہ کاری کی نظر سے دیکھنے لگی۔
احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کا اگلا فیز بزنس ٹو بزنس تعاون پر ہے، ہمیں چین کے ساتھ مل کر نجی شعبے کو آگے لانا ہوگا اور ہمیں آئندہ 25 برسوں میں 75 سال کی تلافی کرنا ہوگی۔