پارلیمنٹ: سی ڈی اے عملے نے عالیہ حمزہ کے لاج سے سامان اور اہل خانہ کو نکال دیا

Published On 26 July,2023 10:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے ارکان سے پارلیمنٹ لاجز خالی کروانے کیلئے آپریشن شروع کر دیا گیا۔

سی ڈی اے کا عملہ پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کا لاج خالی کروانے پارلیمنٹ لاجز پہنچا، اس دوران عملے نے عالیہ حمزہ کے لاج کا سامان اور اہل خانہ کو باہر نکال دیا۔

عملے نے عالیہ حمزہ کا سامان نکال کر لاج کو تالے لگا دیئے، عالیہ حمزہ کے سامان کی فہرست بھی تیار کی گئی، پی ٹی آئی کی خاتون رہنما اس وقت جیل میں قید ہیں۔

ذرائع پارلیمنٹ لاجز انتظامیہ کے مطابق تحریک انصاف کی خاتون رہنما عالیہ حمزہ کا لاج سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی ہدایات پر خالی کرایا گیا ہے۔

انتظامیہ پارلیمنٹ لاجز کا کہنا ہے کہ عالیہ حمزہ کی رہائشگاہ کسی اور ممبر کو الاٹ کی گئی ہے، پی ٹی آئی کے ارکان کو لاجز خالی کرنے کے نوٹس جاری کئے جا چکے ہیں۔