کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم کے تحت گزشتہ پانچ ماہ کے دوران 30 ارب روپے تقسیم کئے گئے۔
گورنر ہاؤس سندھ میں پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم اور پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم 2023ء کے تحت لیپ ٹاپ اور چیکس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ بزنس لون پروگرام کا آغاز سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے 2013ء میں کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں سکیم کے تحت 75 ارب روپے تقسیم کیے گئے، پہلے درجے میں 0.5 ملین، دوسرے درجے میں 0.5 سے 1.5 ملین اور تیسرے درجے میں 1.5 ملین سے 7.5 ملین روپے دیئے جاتے ہیں۔
تقریب میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، سندھ کے وزرا شرجیل انعام میمن، ناصر شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، مختلف بینکوں کے صدور نے بھی شرکت کی۔