وزارت تجارت نے فارما انڈسٹری کی برآمدات ایک بلین ڈالر تک لیجانے کا فریم ورک مانگ لیا

Published On 28 August,2023 07:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت تجارت و صنعت نے فارما انڈسٹری کی برآمدات کو ایک بلین ڈالر تک لے جانے کا فریم ورک مانگ لیا۔

نگران وفاقی وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز سے پی پی ایم اے کے چیئرمین فاروق بخاری کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، ملاقات کا بنیادی ایجنڈا دوا سازی کی صنعت کی برآمدات کو بڑھانے کی حکمت عملی رہا، ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا فارماسیوٹیکل سیکٹر کے لئے اپنی غیر متزلزل وابستگی اور حمایت کا اظہار کرتا ہوں۔

نگران وفاقی وزیر نے کہا ملک کے معاشی حالات کو بہتر کرنے کے لئے برآمدات پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے، عالمی منڈیوں میں مسابقتی برتری کو تسلیم کرتے ہوئے فارماسیوٹیکل وفد پر زور دیا کہ وہ تقابلی پالیسی کا فریم ورک تشکیل دیں اور اس فریم ورک کو بدھ تک پیش کیا جائے۔

فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے رہنماؤں نے اپنے شعبے کے لئے وفاقی وزیر کی حمایت اور لگن کو سراہا، نگران وفاقی وزیر نے وفد سے ملاقات میں اپنی سال بھر کی آمدنی ملک کی فلاح و بہبود کے لئے عطیہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔