بجلی کے بلوں میں اضافے اور ٹیکس لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

Published On 29 August,2023 11:22 am

لاہور: (دنیا نیوز) بجلی کے بلوں میں اضافے اور ٹیکس کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

درخواست شہری شیخ محمد لطیف نے دائر کی اور چیئرمین واپڈا اور چیئرمین نیپرا کو فریق بنایا ہے۔

شیخ محمد لطیف کی جانب سے درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بجلی کے بلوں میں مختلف نوعیت کے ٹیکسز وصول کیے جا رہے ہیں، ایف سی سرچارج، جی ایس ٹی، ٹی وی فیس اور الیکٹریسٹی ڈیوٹی سمیت ٹیکسز وصول کیے جارہے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ عدالتیں بجلی کے مختلف ٹیکسوں کی وصولی غیر قانونی قرار دے چکی ہیں، بجلی بلوں میں ایک یونٹ کے فرق پر ہزاروں روپے اضافہ کر دیا جاتا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ بجلی بلوں میں بھاری اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، عدالت بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کی وصولی کالعدم قرار دے۔