راولپنڈی: غیر قانونی چینی اور چاول ذخیرہ کرنے والے کئی گودام سیل، ملزم گرفتار

Published On 10 September,2023 09:36 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی ڈویژن میں چینی کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف بڑے پیمانے پر کاروائی شروع کر دی گئی، غیر قانونی چینی اور چاول ذخیرہ کرنے والے ملزم گرفتار کرکے کئی گودام سیل کر دیئے۔

راولپنڈی انتظامیہ نے کئی گوداموں میں ریڈ کر کے غیرقانونی طور پر چینی اور چاول ذخیرہ کرنے والوں کو حراست میں لیا اور ان کے گوداموں کو سیل کر دیا،اے سی سٹی کی جانب سے راولپنڈی کے دو گوداموں پر ریڈ کرکے اُنہیں سیل کیا گیا، انتظامیہ نے ہزاروں من ذخیرہ کی گئی چینی قبضے میں لے لی۔

چکوال اور تلہ گنگ میں بھی انتظامیہ کی جانب سے آپریشن کیا گیا، بڑی تعداد میں ذخیرہ کی گئی چینی برآمد کی گئی، عبدالوحید نامی شخص کے گودام حق ٹریڈرز تلہ گنگ روڈ چکوال پر ریڈ کیا گیا، ریڈ میں 174,550 کلو چینی برآمد کی گئی۔

رحمال علی کے گودام بنجرا تلہ گنگ میں ضلعی انتظامیہ نے ریڈ کر کے 50,000 کلو ذخیرہ کی گئی چینی برآمد کی، تلہ گنگ میں دو گوداموں سے 25,000 کلو اور 15,000 کلو ذخیرہ شدہ چینی برآمد کی گئی۔