اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے یورپی یونین کے ممبران کے اعتراضات کے بعد پرتعیش اشیا اور استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمدات پر 100 فیصد تک ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز واپس لے لی۔
ٹیرف پالیسی بورڈ کو وفاقی حکومت کی جانب سے رواں ہفتے 125 پر تعیش اشیا پر مزید ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔
ٹیرف بورڈ کا اجلاس نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی ہدایات پر منعقد کیا گیا تھا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیرف بورڈ نے حکومت کی اس تجویز سے اتفاق نہ کرتے ہوئے معاملے کو مؤخر کردیا۔
واضح رہے کہ 6 ماہ قبل حکومت نے 1800 سی سی تک کی گاڑیوں کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی بالکل ختم کردی تھی اور اس کے علاوہ نئی گاڑیوں، موبائل فون اور دیگر کئی اشیا کی درآمدات پر عائد ڈیوٹی میں بھی کمی کی تھی۔