اسلام آباد: (دنیا نیوز) رواں مالی سال کے 2 ماہ میں ترسیلات زر، برآمدات، درآمدات اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی جبکہ بیرونی سرمایہ کاری، ایف بی آر محصولات اور ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق جولائی سے اگست کے دوران ترسیلات زر میں 21.6 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، گزشتہ مالی سال جولائی سے اگست 5.3 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئی تھیں، رواں مالی سال کے دو ماہ میں 4.1 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: گوشوارے جمع کرانے کیلئے ایف بی آر نظام کی استعداد بڑھا دی گئی
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں برآمدات میں 8.3 فیصد کی کمی ہوئی، گزشتہ مالی سال جولائی سے اگست 5 ارب ڈالر کی برآمدات ہوئی تھیں، رواں مالی سال کے گزشتہ دو ماہ کے دوران 4.5 ارب ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال درآمدات گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 26 فیصد کم ہوئیں، رواں مالی سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 54.1 فیصد کی کمی ہوئی، رواں مالی سال کے دو ماہ میں بیرونی سرمایہ کاری میں 47.6 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب رواں سال 2 ارب ڈالر کا چاول ایکسپورٹ کرے گا
رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ڈالر کی قدر میں 55 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک سال میں ایف بی آر محصولات میں 27.2 فیصد کا اضافہ ہوا، رواں مالی سال افراط زر 27.8 فیصد رہی جبکہ گزشتہ مالی سال 26.1 فیصد رہی۔