کراچی: (دنیا نیوز) سنگین مالی مسائل کے باعث قومی ایئر لائنز کا کینیڈا فضائی آپریشن بھی بند ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، پی آئی اے کا ٹورنٹو آپریشن ہفتہ وار لاکھوں ڈالرز ریونیو فراہم کرتا ہے۔
لاکھوں ڈالرز کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے پروازوں کو گراؤنڈ ہینڈلنگ سروسز بند کردی گئیں، سوئس پورٹ نامی کمپنی نے گراؤنڈ ہینڈلنگ سروسزفراہمی گزشتہ روزبند کرنے کا مراسلہ اور ای میل جاری کی جس میں کہا گیا کہ واجبات کی عدم ادائیگی پر 3 اکتوبر5 بجے شام سے سروسز بند کی جا رہی ہیں، 2 لاکھ 48 ہزار ڈالرز کی فوری ادائیگی کی جائے۔
مراسلہ میں کہا گیا کہ آئندہ سروسزکی فراہمی کیلئے 1 لاکھ ڈالرز ایڈوانس بھی ادا کیے جائیں، پی آئی اے کو واجبات ادائیگی کیلئے بارہا یاد دہانیاں کروائی گئیں، دونوں کمپنیز کے مابین معاہدے کی متعلقہ شرائط کے تحت سروسز بند کی جا رہی ہیں۔
پی آئی اے منیجر پسنجر ہینڈلنگ سروسز کو ای میل اور مراسلہ سوئس پورٹ کے نائب صدرکمرشل نے جاری کیا، ترجمان پی آئی اے کو مؤقف کیلئے ای میل اور مراسلہ روانہ کرنے کے باوجود جواب نہیں دیا گیا۔