پی ایس او کو ادائیگیوں میں ڈیفالٹ: پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن ایک بار پھر بند ہونے کا خدشہ

Published On 24 October,2023 09:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) پی ایس او کو ادائیگیوں میں ڈیفالٹ کر گئی، پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن ایک بار پھر بند ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

قومی ایئرلائن نے وعدے کے مطابق دس کروڑ کی ادائیگی نہیں کی، آپریشن چلانے کے لیے پی ایس او کے ساتھ ہونے والا معاہدہ قومی ایئر لائن نے آج پھر توڑ دیا، پی ایس او کے مطابق آج صرف 7 کروڑکی ادائیگی کی گئی ہے، ادائیگی میں ڈیفالٹ کے بعد فیول کی فراہمی کسی بھی وقت رک سکتی ہے۔

ذرائع پی ایس او کا کہنا ہے کہ صرف اتنا فیول فراہم کیا جائے گا جتنی ادائیگی ملی ہے، یومیہ کی بنیاد پر پروازیں منسوخ ہونے سے پی آئی اے کا بزنس انتہائی کم سطح پر پہنچ گیا ہے، ٹکٹوں کے کینسل اور ریفنڈ نے قومی ایئرلائن کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

آج کے دن پی آئی اے نے ریکارڈ 1 عشاریہ 2 ملین ڈالر کے ٹکٹ ریفنڈ کی ادائیگی کی ہے، کروڑوں روپے کے ریفنڈ جاری کرنے پر پی آئی اے کا مالی بحران اپنی انتہا کو پہنچ گیا، بدھ کے روز بھی بڑی تعداد میں مزید ٹکٹس کے ریفنڈ جاری کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق ٹکٹوں کے ریفنڈ کے بعد پی آئی اے کا کیش فلوانتہائی کم ترین سطح پر پہنچ گیا، پی آئی اے کے پاس پی ایس او کے فیول کی ادائیگی کیلئے کیش نہ ہونے کے برابر رہ گیا۔