ایندھن کا مسئلہ تاحال برقرار، پی آئی اے کی آج بھی 30 سے زائد پروازیں منسوخ

Published On 24 October,2023 10:10 am

لاہور: (دنیا نیوز) مالی بحران سے جڑا ایندھن کا مسئلہ تاحال برقرار ہے جس کے باعث آج بھی پی آئی اے کی 30 سے زائد پروازیں منسوخ ہو گئیں۔

کراچی سے اسلام آباد کی 4 دو طرفہ، کراچی سے تربت کی دو اور لاہور کی 3 پروازیں منسوخ ہوئیں اسی طرح کراچی سے سکھر اور کراچی سے کوئٹہ کی دو طرفہ 4 جبکہ دمام سے کراچی کی پرواز بھی منسوخ ہو گئی ہے۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق لاہور سے کوئٹہ کی دو، اسلام آباد سے دبئی کی دو اور وفاقی دارالحکومت سے بھی ابوظہبی کیلئے دو پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔

اسی طرح اسلام آباد سے گلگت کیلئے دو طرفہ 4، اسلام آباد، کوئٹہ اور سکردو بھی کی 4 پروازیں منسوخ ہوئیں، اسلام آباد سے گلگت اور سکھر کیلئے آنے جانے کی 4 اور دوحہ سے اسلام آباد کی پرواز بھی منسوخ ہو گئی۔

ملتان سے ریاض کی پی کے 2 جبکہ دبئی کی ایک پرواز منسوخ کی گئی ہے، شارجہ سے ملتان کی پرواز پی کے 294 منسوخ کردی گئی، سیالکوٹ سے شارجہ کیلئے دو طرفہ دونوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، پشاور سے ریاض اور شارجہ کے لیے دو طرفہ 4 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، اسی طرح دبئی اور ابوظہبی سے پشاور کی پروازیں پی کے 217، پی کے 218 منسوخ کر دی گئی ہیں۔