لاہور: (دنیا نیوز) لیسکو کا بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران لیسکو نے 247 بجلی چور دھر لیے جبکہ 242 کے خلاف مقدمات درج ہوئے۔
لیسکو ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن میں پکڑے جانے والے کنکشنز میں 7 کمرشل، 2 زرعی اور 238 ڈومیسٹک تھے، تمام کنکشنز منقطع کر کے 4 لاکھ 10 ہزار 236 یونٹس ڈی ٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں۔
ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے کے دوران چارج یونٹس کی مالیت 2 کروڑ 22 لاکھ 45 ہزار 308 روپے ہے، سول لائنز کے علاقے میں کنکشن کو 70 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا، فیروز والا اور مناواں میں 5 ، 5 لاکھ روپے، چونیاں میں کنکشن کو 2 لاکھ روپے کی رقم چارج کی گئی۔
لیسکو حکام کے مطابق 64 روز سے جاری آپریشن کے دوران 24965 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، مہم کے دوران اب تک 12334 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 24712 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں۔
لیسکو ترجمان کا مزید کہنا ہےکہ بجلی چوروں کو اب تک 4 کروڑ 69 لاکھ 69 ہزار 557 یونٹس چارج کئے گئے، چارج یونٹس کی مالیت ایک ارب 97 کروڑ 89 لاکھ 75 ہزار 827 روپے ہے۔