وزارت خزانہ کا پی ایس او کو30 ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ

Published On 17 January,2024 11:44 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) وزارت خزانہ نے رواں ہفتے کے دوران پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کو 30 ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پی ایس او کو ادائیگیوں کیلئے ایس این جی پی ایل کو 5 ارب روپے جاری کر دیے گئے ہیں، گھریلو صارفین اور فرٹیلائزر پلانٹس کو ملنے والی سبسڈی کے بقایا 25 ارب روپے  بھی رواں ہفتے ہی جاری ہوں گے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ایس این جی پی ایل 30 ارب روپے کی رقم ملتے ہی پی ایس او کو فوری ادا کرے گی، گھریلو صارفین اور فرٹیلائزر پلانٹس کو ملنے والی سبسڈی بجٹ ایلوکیشن میں شامل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے دو پاور پلانٹس پی ایس او کو دینے کیلئے وفاقی کابینہ آئندہ ہفتے فیصلہ کرے گی، وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد دونوں پاور پلانٹس کے کنٹرولنگ سٹیک پی ایس او کو مل جائیں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاور پلانٹس کے شیئرز پی ایس او کو ملنے سے گیس سیکٹر کا 100 ارب روپے گردشی قرضہ کم ہو جائے گا، پی ایس او بُک سے مجموعی طور پر 130 ارب روپے کا گردشی قرضہ کم کیا جائے گا، وفاقی کابینہ سے منظوری کیلئے نجکاری کمیشن نے وزارت خزانہ اور وزارت توانائی کی مشاورت سے سمری تیار کی۔