پروازوں میں تاخیر، زحمت اٹھانے پر مسافروں سے معذرت خواہ ہیں: ترجمان پی آئی اے

Published On 12 October,2023 01:24 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی آئی اے نے پی ایس او کی جانب سے ایندھن کی فراہمی معطل ہونے کی وجہ سے کئی پروازیں متاثر ہونے کی تصدیق کر دی۔

ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے بتایا ہے کہ پاکستان میں پی ایس او کی جانب سے ایندھن کی فراہمی میں تعطل کی وجہ سے کئی اندرون ملک پروازیں متاثر ہوئی ہیں، فیصل آباد سے کراچی کی پرواز میں تاخیر ہوئی ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے مزید کہا کہ اسلام آباد سے سکھر کی پرواز منسوخ کر دی گئی، بیرون ملک پروازیں اپنے شیڈول کے مطابق روانہ ہو رہی ہیں، پروازوں میں ہونے والی تاخیر سے مسافروں کو زحمت اٹھانا پڑی جس پر پی آئی اے معذرت خواہ ہے۔

قبل ازیں ایندھن کی عدم فراہمی کی وجہ سے پی آئی اے کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 308 تین گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی، پرواز کو شام 4 بجے روانہ ہونا تھا جو 7 بجے روانہ ہوئی، اسلام آباد سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 309 کی شام 7 کے بجائے 10 بجے روانگی ہوئی، کراچی سے دبئی جانے والی پرواز پی کے 213 بھی تاخیر کا شکار ہوئی۔

واضح رہے پی ایس او نے واجبات کی عدم ادئیگی پر پی آئی اے کو فیول کی فراہمی دوبارہ بند کر دی ہے، فیول کی فراہمی بند ہونے سے پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہونے پر مسافروں کو شدید پریشانی کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔