پی ایس او کا گردشی قرضہ 812 ارب روپے سے تجاوز کر گیا

Published On 03 January,2024 01:57 pm

اسلام آباد: (ذیشان یوسفزئی) پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کا گردشی قرضہ 812 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ایس او کو مالی مشکلات کے باعث کاروبار کرنے میں دشواری کا سامنا ہے، سوئی ناردرن گیس کمپنی نے پی ایس او کے 529 ارب روپے ادا کرنے ہیں، پاور سیکٹر کی مختلف کمپنیاں پی ایس او کی 185 ارب روپے کی مقروض ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حبکو 29 ارب روپے اور کیپکو پانچ ارب روپے کا مقروض ہے، جنریشن کمپنیوں نے 150 ارب روپے پی ایس او کو ادا نہیں کئے، حکومت پاکستان نے 96 ارب روپے سے زائد رقم پی ایس او کو ادا نہیں کی۔

قومی ایئر لائنز پی آئی اے کے ذمہ پی ایس او کے 27 ارب 77 کروڑ روپے واجب الادا ہیں، پاکستان سٹیٹ آئل نے ریفائنز کے 153 ارب روپے ادا کرنے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی ایس او کے تیل کی فروخت میں بھی کمی دیکھی گئی ہے، ماہانہ بنیادوں پر پی ایس او کی فروخت میں 15 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر فروخت میں 17 فیصد کمی ہوئی۔