اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں دفاعی پیداوار کیلئے 20 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ منظور کر لی گئی۔
ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے فنڈز کی منظوری دی گئی، ملازمین کو جنوری 2024 سے جون 2024 تک تنخواہ جاری کی جائے گی۔
ای سی سی اجلاس میں خریف سیزن 2024 کیلئے یوریا کھاد کی ضروریات پوری کرنے کی حکمت عملی منظور کی گئی، ای سی سی نے ہدایت کی کہ خریف سیزن کے لیے یوریا کھاد کی قلت نہ ہونے دی جائے۔
اجلاس میں ایرا کیلئے 5 ارب 89 کروڑ ، کے الیکٹرک کیلئے 70 ارب روپے کی ایڈوانس سبسڈی کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ای سی سی اجلاس میں ایٹمی توانائی کمیشن کیلئے 4 ارب 86 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ اور وزارت توانائی کیلئے 2.5 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔