اسلام آباد: (دنیا نیوز) سی پیک کے تحت کراچی تا پشاور ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کے منصوبے میں بڑے بریک تھرو کی راہ ہموار ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دورہ چین میں ایم ایل ون منصوبے کے مالی معاملات طے پانے کا امکان ہے، ایم ایل ون منصوبے کیلئے فنانسنگ معاہدے کے امور کو حتمی شکل دی جائے گی۔
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ معاملات طے پانے پر پاکستان اور چین کے درمیان فنانسنگ کا معاہدہ ہو گا، ایم ایل ون منصوبے کیلئے 85 فیصد فنڈز چین کی جانب سے فراہم کئے جانے کا امکان ہے، منصوبے کیلئے پاکستان اپنے وسائل سے 15 فیصد فنڈز فراہم کرے گا۔
ایم ایل ون منصوبہ 8 سال میں مکمل کرنے کا اندازہ لگایا گیا ہے، منصوبے کے تحت کراچی سے پشاور تک 1726 کلومیٹر ڈبل ٹریک کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سی ڈی ڈبلیو پی نے گزشتہ ماہ ایم ایل ون منصوبے کا نظرثانی پی سی ون منظور کیا تھا، سی ڈی ڈبلیو پی نے 6 ارب 70 کروڑ ڈالرز کے ایم ایل ون منصوبے کی منظوری دی تھی۔