اسلام آباد :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہےکہ روپیہ کی قدر مستحکم رہے گی، ڈالر کی مصنوعی قیمت کو کنٹرول کر لیا گیا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ رواں ماہ کے اختتام تک ہو جائے گا، ٹیکس نیٹ وسیع نہ ہونے کے باعث موجودہ ٹیکسز ہی کو بڑھانا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ زرعی آمدن پر ٹیکس لگانے کیلئے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کا رسپانس قابل تحسین ہے، صوبوں کے تعاون سے زرعی آمدن پر ٹیکس لگانے کیلئے مختلف تجاویز زیرغور ہیں، پانچ وفاقی وزارتوں کو ختم کرنے کا فیصلہ 30 جولائی کو ہو جائے گا۔
وفاقی وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ پانچ وزارتوں کے علاوہ دیگر وزارتوں کے متعلقہ اداروں کو بھی ختم کیا جائے گا، اب درآمدات کیلئے کوئی پابندی عائد نہیں ہے اور نہ ہی ادائیگیوں کا بوجھ ہے، پنشن کا بوجھ 1 ٹریلین روپے تک بڑھ چکا ہے جس کو کنٹرول کرنا ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آرمڈ فورسز کی سروس اسٹرکچر میں کچھ تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں، آرمڈ فورسز کے لیے نئی پنشن سکیم کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے ہو گا ، نان فائلر کو فائلر بنانے کیلئے وزیراعظم نے احکامات دیئے ہیں۔