اسلام آباد :(ذیشان یوسفزئی ) اپریل تا جون 2024 میں اوور بلنگ کا معاملہ پر تمام تقسیم کار کمپنیاں بشمول کے الیکٹرک زائد بلنگ میں ملوث پائی گئیں۔
نیپرا نے تمام تقسیم کار کمپنیوں بشمول کے الیکٹرک سے اوور بلنگ کے معاملے پر وضاحت طلب کر لی، نیپرا نے تمام ہدایات کی تعمیل کی رپورٹ 30 دنوں کے اندر جمع کرانے کا حکم دیا، اپریل تا جون 2024 کے دوران صارفین کو زائد بل موصول ہونے کے معاملے پر نیپرا کے افسران نے اپنی رپورٹ مرتب کر کے اتھارٹی کو پیش کر دی۔
نیپرا اتھارٹی نے رپورٹ کی روشنی میں تقسیم کار کمپنیوں بشمول کے الیکٹرک کو ہدایات جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا، اپریل 2024 سے جون 2024 کے دوران مقررہ بلز مہینوں سے کم ریڈنگز کے لیے تناسب کی بنیاد پر وصول کیے گئے۔
نیپرا نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کو ریکارڈ شدہ اصل یونٹس کے ساتھ ایڈجسٹ کیا جائے، مقررہ بلنگ مہینے سے کم ریڈنگ کے لیے تناسب کی بنیاد پر وصول کیے گئے، صارفین جو بل ادا نہیں کر سکے ان پر لیٹ پیمنٹ سرچارج (LPS) نہیں لگایا جائے گا اور جن صارفین نے LPS کے ساتھ بلوں کی ادائیگی کی ہے انہیں بھی ایڈجسٹ کیا جائے ۔
اعلامیہ میں مزید یہ بھی کہا گیا کہ اوسط بلنگ سے بچنے کے لیے فوری طور پر خراب میٹروں کو تبدیل کیا جائے، تمام ڈسکوز بشمول کے الیکٹرک کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ میٹر ریڈنگ میں کنزیومر سروسز مینول کی شقوں پر عمل کریں۔