تربیلا: (دنیا نیوز) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے کا دورہ کیا، ورلڈ بینک کی ٹیم بھی دورے کے موقع پر چیئرمین واپڈا کے ہمراہ تھی۔
چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے منصوبے کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا، چیئرمین واپڈا اور ورلڈ بینک کی ٹیم نے ٹنل کے اندر جاری کام کا بھی مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر پراجیکٹ انتظامیہ نے چیئرمین واپڈا اور ورلڈ بینک کی ٹیم کو پراجیکٹ پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ منصوبے کی اہم سائٹس پر تعمیراتی کام جاری ہے، منصوبہ سے بجلی کی پیداوار 26-2025 میں شروع ہوگی۔
پراجیکٹ انتظامیہ نے بریفنگ دی کہ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگاواٹ ہے، منصوبے کی تکمیل پر تربیلا کی پیداواری صلاحیت بڑھ کر 6 ہزار418 میگاواٹ ہو جائے گی، تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کیلئے ورلڈ بینک 390 ملین ڈالر فراہم کر رہا ہے۔
چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے کہا کہ ملک میں توانائی کی ضروریات پورا کرنے کیلئے تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ بہت اہم ہے، منصوبہ کی 26-2025 میں تکمیل کیلئے کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کام میں تیزی لائیں۔