راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی سے کراچی جانے والی سر سید ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کردیا گیا۔
ریلوے حکام کے مطابق 16 کوچز پر مشتمل سرسید ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی براستہ فیصل آباد جایا کرے گی، ٹرین آج رات 9 بجے کراچی سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہو گی ، ٹرین پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلائی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ٹرین میں ایک اے سی سلیپر، ایک اے سے سٹینڈرڈ اور تین اے سی بزنس کوچز شامل ہیں، 8 اکانومی کوچز کے ساتھ ساتھ ڈائننگ کار بھی ٹرین کا حصہ ہے، نجی کمپنی ٹرین میں کھانا فراہم کرے گی، ٹرین میں پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی یقینی بنانے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کیلئے فری وائی فائی کی سہولت بھی میسر ہوگی، ٹرین کی ٹکٹ کی ادائیگی گھر بیٹھے موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے بھی کی جا سکے گی، سرسید ایکسپریس سے پاکستان ریلویز کو سالانہ تقریباً تین ارب روپے آمدن ہوگی۔
سی ای او ریلویز عامر بلوچ کا کہنا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے خود انحصاری آئے گی، ریونیو میں اضافہ ہو گا، اگلے ماہ مزید دس ٹرینیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کا ارادہ ہے۔